بنکاک (اے پی پی) پاکستانی ٹیم ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی، گرین شرٹس نے اپنے آخری میچ میں میزبان تھائی لینڈ ویمن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل آج کھیلا جائے گا جس میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہو گی، ثناءمیر عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ ہفتہ کو کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے آخری میچ میں تھائی لینڈ کی ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18.2 اوورز میں 51 رنز پر ڈھیر ہو گئی، صرف دو کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، چنتن نے 13 اور چنیدا نے 11 رنز بنائے، ثناءمیر نے 4 جبکہ انعم امین اور ندا ڈار نے 2، 2 اور اسماویہ اقبال نے ایک وکٹ لی، جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 11.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، اسماویہ اقبال 24، ندا ڈار 14 کپتان بسمعہ معروف 6، عائشہ ظفر صفر اور ثناءمیر ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئیں، نین عابدی 4 اور جویریہ خان ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہیں۔لاﺅمی نے تین وکٹیں لیں۔۔ بھارتی ٹیم اس سے قبل پول میچ میں بھی پاکستان کو زیر کر چکی ہے اور اب دونوں ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان کے پاس بھارت کو فائنل میں ہرا کر ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ساتھ شکست کا بدلہ چکانے کا سنہری موقع ہے۔