عالمی دن، کسی بھی وزیراعلیٰ سندھ کی برسوں بعد معذوروں کیساتھ ملاقات مراد علی شاہ نے سیلفیاں بنائیں

Dec 04, 2016

کراچی (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن سے کہا کیڈیٹ کالج لاڑکانہ کے طالبعلم کو جلد از جلد ویزا دیا جائے، تاکہ ا سے امریکہ علاج کے لئے بھیجا جا سکے۔ مراد علی شاہ نے طالب علم کے ضروری کاغذات امریکی قونصل جنرل کو امریکن ویزہ کے لئے د یتے ہوئے ذاتی طور پر ان سے درخواست کی طالبعلم کو ویزا دیا جائے۔ جس پر امریکی قونصل جنرل نے طالبعلم کے لئے جلد ویزا جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے عبدالرحمن عرف بھولا جو بلدیہ فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث تھا کی بنکاک میں گرفتاری پر کہا ہے جو کوئی بھی معصوم و بے قصور لوگوں کیخلاف جرم میں ملوث ہوگا اسے کبھی بخشا نہیں جائیگا۔ انہوں نے کہا عبدالرحمن عرف بھولا کی گرفتار ی سے متعلق انہیں علم ہے اور مزید معلومات آنی ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کے تبادلہ سے متعلق سوال پر کہا انہوں نے یہ خبر میڈیا پر ہی سنی ہے۔ ڈس ایبل پرسن ویلفئر آرگنائزیشن کے 35 رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کا کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 5فیصد کر دیا ہے۔ معذور افراد نے کہا وہ ہر سال معذوروں کے عالمی دن کے موقعہ پر جمع ہوتے ہیں۔ آج کافی برسوں کے بعد انہیں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کا موقعہ ملا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا انہیں افسوس ہے وہ معذور افراد کے لئے کسی پروگرام کا اہتمام نہیں کر سکے مگر میں آپ لوگوں کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرونگا اور آپکو سرکاری محکموں میں آپکی قابلیت کے مطابق مقررہ کوٹے کے تحت ملازمتیں فراہم کی جائینگی۔ معذور افراد نے اس موقع پر مراد علی شاہ کے نام سے فلگ شگاف نعرے لگائے اس موقعہ پر مراد علی شاہ وفد کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ انہوں نے ہر ایک کی وہیل چیئر پر جا کر انکے ساتھ ہاتھ ملایا۔

مزیدخبریں