’’کرنسی بحران یا کشیدگی‘‘ بھارتی بنکوں کا پاکستانی سفارتکاروں کو کیش دینے سے انکار

Dec 04, 2016

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں جاری کرنسی بحران کی لپیٹ میں پاکستانی سفارتکار بھی آگئے۔ نئی دہلی میں بھارتی بنکوں نے پاکستانی سفارتکاروں کو کیش دینے سے انکار کردیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن حکام نے بھارتی وزارت خارجہ کو تحریری شکایت کردی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتکاروں سے ایسا سلوک ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی بنکوں نے پاکستانی سفارتکاروں کو عجیب منطق پیش کی ہے کہ ڈالر میں تنخواہیں چاہئیں تو پہلے اسکی وجوہات بتائیں۔ اکنامک ٹائمز کے مطابق سفارتخانے کے عملے کو تنخواہیں ڈالر میں دی جاتی ہیں مگر بھارت میں کرنسی بحران سے ڈالر کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس کے سبب امریکی کرنسی کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب پاکستان کا سفارتی عملہ بینک سے تنخواہ لینے گیا تو بینکوں نے تنخواہیں دینے کے بجائے تین آپشن پیش کردیئے۔ پہلا آپشن یہ ہے کہ ڈالر میں تنخواہیں لینے کی وجوہات بتائی جائیں۔ دوسرا آپشن یہ دیا گیا ہے کہ تنخواہیں بھارتی کرنسی میں لے لی جائیں۔ تیسرا آپشن یہ دیا گیا ہے اپنی تنخواہیں بینک کے ذریعے پاکستان منتقل کردی جائیں۔ بھارت کے اس اقدام سے پاکستانی سفارتخانے کے عملے کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ پاکستانی ہائی کمشن نے بنک پالیسی تبدیل کرنے کیلئے بھارتی حکومت کو خط لکھ دیا۔

مزیدخبریں