سانحہ بلدیہ ٹاؤن، بھولا پاک سرزمین پارٹی کے رکن ہیں، اہلیہ: کوئی تعلق نہیں، قائم خانی

Dec 04, 2016

کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ خصوصی رپورٹر) بنکاک سے گرفتار بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث مرکزی ملزم عبدالرحمن عرف بھولا کو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کراچی منتقل کر دیا جائیگا۔ اس ضمن میں عبدالرحمن بھولا کی اہلیہ ثمینہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا انکے شوہر فرار نہیں ہوئے بلکہ کام کے سلسلے میں بیرون ملک گئے ہوئے تھے، میرے شوہر بیگناہ ہیں اور انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جا رہا ہے۔ ان سے جب پاک سر زمین پارٹی کی رکنیت سے متعلق پوچھا گیا تو انہوںنے کہا پی ایس پی کی جانب سے عبدالرحمن بھولا کی پارٹی رکنیت کے حوالے سے خبروں کا بخوبی علم ہے لیکن میرے شوہر پاک سرزمین پارٹی کے رکن ہیں اور میں نے اس حوالے سے پرفارما بھی میڈیا پر جاری کر دیا ہے۔ عدالت میں اپنے شوہر کی بیگناہی ثابت کروں گی۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا ہے عبدالرحمن بھولا کا انکی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوئی بھی ہماری پارٹی کا آن لائن کارکن بن سکتا ہے۔ فارم بھرنے کے بعد کوئی چوری کرے یا ڈاکہ ڈالے اس کا پاک سر زمین سے کوئی تعلق نہیں۔ عبدالرحمن بھولا کی پی ایس پی سے تعلق کی خبریں بے بنیاد ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوںنے کہا وہ رحمن بھولا کے ایم کیو ایم سے تعلق کی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتے لیکن سانحہ بلدیہ میں ملوث کسی شخص کو نہ بخشا جائے۔

مزیدخبریں