”پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمشن بنایا جائے“سراج الحق کی سپریم کورٹ میں متفرق درخواست

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)امیر جماعت جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کےلئے عدالتی کمیشن قائم کرنے کےلئے متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔امیر جماعت اسلامی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ معاملہ کی انکوائری کےلئے کمیشن کے قیام میں تاخیر نہیں کی جانی چاہیئے تاکہ عدالتی کمشن قیام کے بعد نیب اور ایف آئی اے کو ضروری کارروائی کی ہدایات دے۔اور دونوںتحقیقاتی ادارے تمام ریکارڈ کمیشن کو پیش کریں۔درخواست میں کہاگیا ہے کہ انکوائری کمیشن کو عدالتی اختیارات حاصل ہوں۔ کمیشن کو ٹیکس گوشوارے اور جائیداد کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔استدعا کی گئی ہے کہ کمیشن کو مینڈیٹ دیا جائے کہ تمام دستاویزات کا فرانزک آڈٹ کرائے۔کمیشن بوقت ضرورت دوسرے ممالک سے بھی دستاویزات منگوائے۔پانامہ میں جن افراد کا نام آیا،کمیشن انہیں فریق بنائے۔ کمیشن اپنا کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرے اور بوقت ضرورت اعلی عدالتی کمیشن ذیلی کمیشن بھی تشکیل دے اور وہ ذیلی کمیشن بھی ججزپر مشتمل ہونا چاہیئے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت 6دسمبر کو ہوگی۔ جس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل نعیم بخاری اپنے دلائل مکمل کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن