قومی ہاکی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ

Dec 04, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ برس آسٹریلیا میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کیلئے مضبوط سکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا، اس مقصد کیلئے پندرہ دسمبر سے سکھر میں ہونے والی قومی ہاکی چیمپئن شپ میں بہترین پر فارمنس دینے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ قومی ہاکی ٹیم شاندار پر فارمنس سے وکٹری سٹینڈ تک پہنچ سکے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کامن ویلتھ گیمز کا اہم میچ7 اپریل کو کھیلا جائیگا ۔ ابھی تک کھیلے گئے پانچ کامن ویلتھ ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے ایک سلور اورایک برونز میڈل جیتا ہے جبکہ روائتی حریف بھارت دو بار سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہا۔ پاکستان اور بھارت کا کامن ویلتھ گیمز میں دومرتبہ آمنا سامنا ہوا جس میں ایک ایک مرتبہ دونوں نے کامیابی حاصل کی پاکستان نے 2006ء میں چار ایک سے پول میچ میں جبکہ 2010ء میں بھارت نے پاکستان کو4-7 سے شکست دی۔ کامن ویکتھ گیمز میں پہلی مرتبہ 1998 ملائشیا میں ہونے والے کامن ویلتھ میں ہاکی کو شامل کیا گیا جس میں پاکستان نے 8 ویں پوزیشن حاصل کی 2002ء میں مانچسٹر انگلینڈ میں پاکستان نے برونز میڈل جیتا۔ جنوبی افریقہ کو 10-2 سے شکست دی 2006ء میں قومی ہاکی ٹیم نے سلور میڈل جیتا فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیا نے تین صفر سے ہرایا تھا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دی۔ 2010ء میں قومی ہاکی ٹیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ابھی تک پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر20 میچز کھیلے ہیں جس میں گیارہ جیتے تین برابر کھیلے اور 6 میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے50 گول کئے اور 44 خلاف ہوئے اس مرتبہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ پول بی میں رکھا گیا ہے جس میں انگلینڈ ، ملائشیا، ویلز بھی شامل ہیں پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سکاٹ لینڈ، کینیڈا اور گھانا شامل ہیں۔

مزیدخبریں