لاہور (سپورٹس ڈیسک )کرکٹ کے بعد ٹینس کے عالمی کھلاڑیوں اور ایونٹس کی پاکستان آمد، 9 سال بعد پاکستان کو آئی ٹی ایف ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز مل گیا،آج اسلام آباد میں میدان سجے گا، روایتی حریف بھارت سمیت 8 ملکوں کے کھلاڑی اِن ایکشن ہوں گے۔پی ٹی ایف کمپلیکس کورٹ اسلام آباد میں انٹرنیشنل ٹینس کا میلہ سجنے کو تیار ہے۔ آج سے آئی ٹی ایف کا ٹینس ٹورنامنٹ شروع ہو گا۔ میچز صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔ سپین، روس، کینیڈا، یوکرائن، انڈونیشیائ، ایران، جرمنی اور روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی جوہر دکھائیں گے۔پاکستان کی طرف سے ٹاپ رینک عقیل خان، مزمل مرتضیٰ، محمد عابد اور شہزاد خان سمیت 10 قومی ٹینس سٹار اِن ایکشن ہوں گے۔ قومی کھلاڑی عقیل خان کو پہلے ہی مقابلے میں معروف سپینش کھلاڑی پیرے ریبا کا چیلنج درپیش ہو گا۔آئی ٹی ایف کا یہ ایونٹ 9 سال بعد پاکستان میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے بارہ سال بعد ڈیوس کپ کے میچز بھی پاکستان میں کھیلے گئے جہاں قومی ٹیم کو ایران اور تھائی لینڈ پر کامیابی ملی تھی۔