ملتان( محمد نوید شاہ سے) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی آج لاہور میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے بعد ان کی مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت سے متعلق معاملات کو طے کیا جاسکتاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ملتان آمد کے مو قع پر مخدوم جاوید ہاشمی کی پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔ دوسری جانب مخدوم جاوید ہاشمی کی ممکنہ طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت پر جشن منانے والے بھی میدان میں آگئے ہیں جبکہ ان کی ممکنہ شمولیت پر اُن کے خلاف احتجاج بھی جاری ہے۔ تفصیل کے مطابق سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی دور وز قبل ملتان سے اسلام آباد روانہ ہوگئے تھے۔ ملتان سے روانگی سے قبل ہی پورے ملک میں ان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کی اطلاعات عام ہوگئی تھیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں اپنی کتاب زندہ تاریخ کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔ وہ آج ممکنہ طور پر اسلام آباد سے لاہور روانہ ہونگے ۔ وہ لاہور میں جاتی عمرہ جائیں گے جہاں وہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ان کی اس ملاقات کو لیکر ملتان میں لیگی دھڑوں میں زبردست اختلاف رائے پیدا ہوگیا ہے۔ خصوصاً ملتان کے حلقہ این اے 149کی سیاست میں بھونچال کی سی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ حلقہ این اے 149میں عرصہ دراز سے انتخابی مہم چلانے والے سابق ایم این اے شیخ طارق رشید ان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد انہیں حلقہ این اے 149میں پارٹی امیدوار کے طور پرقبول کرنے کو ہرگز تیار نظر نہیں آرہے ہیں۔ جبکہ حلقہ این اے 149میں ضلع مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سمیت ایک موجودہ ایم پی اے ان کے زبردست حامی نظر آرہے ہیں۔دریں اثناء سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کی اطلاعات پر لیگی کارکنوں نے رانا خورشید احمد اور مخدوم نوید ہاشمی کی قیادت میں چوک کمہارانوالہ پر جشن کا مظاہرہ کیا۔ ریلی نکالی گئی اور مٹھائی تقسیم کی گئی، لیگی کارکنوں کا کہنا تھاکہ جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ ا س فیصلے سے جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ ن مزید مضبوط ہوگی۔ این اے 149 سے ایک بار پھر جاوید ہاشمی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔ اس موقع پر کونسلر رانا خورشید احمد، چیئرمین نوید ہاشمی، انصاف تاجر گروپ کے رانا امجد علی، رانا خالد، چوہدری فیصل، ملک سرفراز، حاجی اشرف، مخدوم فیاض ودیگر بھی موجود تھے۔ یوسی 13کے وائس چیئرمین عمران بہاری کی زیر صدارت کونسلرز اور لیگی عہدیداران کا اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کیخلا ف متفقہ قرار داد منظور کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنان وعہدیداران این اے 149میں کسی باغی کو قبول نہیں کریں گے۔ نام نہاد بابائے جمہوریت نے گزشتہ دس سالوں میں کبھی حلقہ کا رخ نہیں کیا۔ حلقہ کی نمائندگی کا حق صرف اس کو ہے جس نے عوام کی دن رات خدمت کی۔ شیخ طارق رشید کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر علی شیر، کونسلر عرفان مقبول، عامر شاہ، ذیشان، رضوانہ یونس ، جاوید رحمانی، اسرار الحق، حامد قریشی، خرم بہاری ودیگر بھی موجود تھے۔
جاویدہاشمی کی آج ملاقات، نواز شریف کی ملتان آمدن لیگ میں شمولیت کا امکان
Dec 04, 2017