محبت رسول کا جذبہ ناقابل تسخیر طاقت ہے: علامہ ریاض شاہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ محبت رسول کا جذبہ ناقابل تسخیر طاقت ہے۔ مغربی قوتیں مسلمانوں کے جذبہ عشق رسول کو سرد کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ اسلامی معاشرے کی تشکیل نفاذ نظام مصطفےٰ سے ہی ممکن ہے۔ اہل حق نظام مصطفے کے عملی نفوذ کے لئے محنت کریں۔منافقت اور مادیت پرستی نے ضمیروں کو کالا کر دیا ہے۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ نظام اسلام ہی انسانیت کے لئے مسیحا ثابت ہو سکتا ہے۔ تاجدار ختم نبوت کی محبت کو ساری محبتوں پر غالب کرنے کی ضرورت ہے۔ رنگ برنگے جھنڈوں کے ہجوم میں نبی کا جھنڈا بلند رکھیں گے۔ ہماری عقیدتوں کا مرکز و محور گنبد خضری کا مکیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن