نبی رحمت کا اسوہ حسنہ تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے: ولید اقبال، حماد اظہر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف لاہور آفس میں جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں ولید اقبال صدرلاہور اور میاں حماد اظہر کی طرف سے محفل میلاد کا انعقاد کیاگیا جس میں حضور پاک کی شان میں گلہائے عقیدت اور درودو سلام کے نذرانے پیش کئے گئے۔ رہنماو¿ں نے کارکنوں کے ساتھ عید میلاد النبی کا کیک کاٹا اور ملک وقوم کی سلامتی کیلئے اجتماعی دعابھی کی گئی۔ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے ولید اقبال اور میاں حماد اظہر نے کہا کہ اسوة حسنہ تمام مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ نبی کریم سے عشق اور محبت کا تقاضا ہے کہ بحیثیت مسلمان عقیدہ ختم نبوت کیلئے سب کچھ قربان کردیں اور حضور نبی کریم ﷺ پرکثرت سے درود پڑھنے کے ساتھ ساتھ سیرت مبارکہ کی روشنی میں اپنی زندگی گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے، تب ہی ہم ہر محاذ پر ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں، امت مسلمہ بے پناہ مسائل کا شکار ہے جس کی بڑی وجہ حضورﷺکی تعلیمات سے دوری ہے۔ سیرت طیبہ پر عمل کرکے ہی دنیا اور آخرت کو سنوارا جاسکتا ہے یہی طریقہ باعث نجات بھی ہے۔ محفل میلاد میں شیخ امتیاز،ملک عثمان حمزہ، نعیم الحق، سعدیہ سہیل، عظمیٰ کاردار، طارق حمید ،طاہر رشید چوہدری، رافیعہ کمال، رخسانہ نوید، سہیل اسماعیل بٹ، محمد مدنی، اویس یونس، میاں اویس انجم اور رفعت بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن