اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) سابق سیکرٹری خارجہ اکرم ذکی کو ان کی رسم قل کے موقع پر ملک کی نامور شخصیات نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ گزشتہ سہ پہر اکرم ذکی کی اقامت گاہ پر ان کی رسم قل میں ڈاکٹر اے کیو خان‘ سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ‘ سابق سیکرٹری اور صدر کے معاون خصوصی روئیداد خان‘ سابق خارجہ سیکرٹریوں ریاض کھوکھر‘ ہمایوں خان‘ سلمان بشیر کے علاوہ وزارت خارجہ کے سابق سینئر افسران اور زندگی کے دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے رسم قل کے موقع پر منعقد ہونے والی دعائیہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اکرم ذکی نہ صرف ایک سلجھے ہوئے سفارت کار تھے۔ انہوں نے پاکستان کے مفادات کے لئے زبردست جدوجہد کی۔ سابق سیکرٹری خارجہ ہمایوں خان اور دوسرے سفارت کاروں نے اکرم ذکی کی ملک کے لئے سفارتی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔