سرینگر (اے این این+ نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ سبز ہلالی پرچموں کی بہار،مجاہدین کے حق اور بھارت کی مخالفت میں بھی شدید نعرے بازی،بھارتی فوج کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا،ویڈیو وائرل ہونے پر حکام پریشان ،کشتواڑہ میں سی آئی ایس ایف اہلکار نے اپنی بیوی سمیت ساتھی اہلکار اور اس کی اہلیہ کو قتل کردیا،پکھر پورہ ہلاکتوں کیخلاف وادی میں چوتھے روز بھی ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بڈگام میں بھارتی فوج کے زیر اہتمام کرکٹ لیگ کے میچ کے دوران سٹیڈیم میں تماشائیوں نے پاکستان اور حریت رہنما ذاکر موسی اور مجاہدین کے حق میں نعرے لگا دئیے۔اس ضمن میں ایک ویڈیو وائرل ہو ئی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کے زیر اہتمام ضلع بڈگام میں کشمیر پریمیر لیگ کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتی پولیس اور فوج کے اعلی حکام نے شرکت کی، میچ کے دوران بھارتی پولیس اور فوج کے اعلی افسران کو اس وقت شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور کھلاڑیوں نے پاکستان اور حریت رہنما ذاکر موسی سمیت مجاہدین کے حق میں نعرے بازی کرنا شروع کردی۔کشمیر میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میچ کی اختتامی تقریب کے دوران سٹیڈیم میں موجود کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے پاکستان کا پرچم لہرایا اور بھارت سے آزادی کے نعرے لگائے۔ویڈیو وائرل ہونے پر بھارتی فوج کے حکام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔دریں اثناء بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)کے اہلکار نے اپنی بیوی سمیت تین افراد کو قتل کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جموں اور کشمیر کے ضلع کشتوار میں نیشنل ہائیڈل پاور اسٹیشن کی سیکیورٹی پر تعینات سی آئی ایس ایف اہلکار انگلاپا سریندر نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی، ساتھی اہلکار راجیش اور اس کی بیوی کو قتل کردیا۔ ادھر پھٹلی پورہ میں3 مجاہدین کی شہادت پر پکھر پورہ اور ملحقہ علاقوں میں چوتھے روز بھی ہڑتال رہی۔ اس دوران پلوامہ کے مضافات میں کریک ڈائون کے دوران فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید تصادم آرائی ہوئی۔ ادھر پلوامہ میں شبانہ تلاشیوں اور گرفتاریوں کیخلاف تشدد بھڑک اٹھا۔ دریں اثناء کیگام شوپیان میں مشتبہ افراد نے ایک میوہ تاجر کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ اس دوران بارہمولہ پولیس سٹیشن پر گرینیڈ پھینکا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تہاڑ جیل میں قیدیوں پر حملے اور انہیں علاج سے محروم رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تہاڑ جیل میں مقید قیدیوں کے لواحقین کے ایک وفد نے علی گیلانی سے حیدر پورہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گیلانی نے وفد کو یقین دلایا کہ قیادت اور پوری مظلوم قوم آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم اس ظلم کے خلاف ضرور آواز اٹھائیں گے۔
مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کے زیراہتمام کرکٹ میچ، سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سےگونج اٹھا
Dec 04, 2017