اسلام آباد/ نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) محکمہ موسمیات کے مطابق بحرہند میں اٹھنے والے ’’اوکھی‘‘ طوفان سے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں تاہم طوفان کے باعث سندھ میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اوکھی طوفان اس وقت کراچی کے جنوب مشرق میں 1442 کلو میٹر دوری پر بھارتی شہر ممبئی کے قریب موجود ہے جو کسی بھی وقت ممبئی کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے باعث بدین، تھرپارکر اور مٹھی میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ کراچی کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس کا کہنا ہے کہ بحرہند میں بننے والا طوفان بحیرہ عرب میں جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کے اثرات ٹھٹھہ اور بدین میں بادلوں کی صورت 4 دسمبر کو نظر آئیں گے۔ این این آئی کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور فاٹا میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران چند مقامات پر تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، ملک کا سرد ترین مقام سکردو رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری رہا۔ آئی این پی کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سمندری طوفان اوکھئی نے تباہی مچا دی، ایک ہزار ماہی گیر لاپتہ ہوگئے، ماہی گیروں کے اہل خانہ کا احتجاج، حکومت سے فضائی سروے کے ذریعے ماہی گیروں کا پتہ لگانے کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف کافی تعداد میں خواتین نے فضائی سروے کے ذریعے ماہی گیروں کا پتہ لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے چناتھرئی کے نزدیک سڑک جام کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔