اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سی ڈے لیبر یونین امان اللہ خان گروپ نے مزدوریونین کے عہدیداروں کے فوری احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کرپٹ عہدیدروں کیخلاف ایکشن لے اور راتوں رات کروڑوں روپے کمانے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے قبضے سے سی ڈی اے مزدوروں کی لوٹی گئی رقم واپس دلائی جائے۔ لیبر یونین امان اللہ خان گروپ کے رہنمائوں لالہ افضل اور امیر حسین شاہ نے کہا کہ قومی احتساب بیورو سی ڈی اے مزدوروں کے حقوق کے نام پر سیاست کرنیوا لے لیبر یونین کے نام نہاد عہدیداروں کیخلاف تحقیقات کرے کہ مزدوروں کے حقوق کے نام پر سیاست کرنیوالے راتوں رات ارب پتی بن کیسے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کرپشن کے خاتمے کیخلاف عزم ملک کی ترقی کیلئے نیک شگون ہے اس لئے انہیں چاہئے کہ وہ سی ڈی اے لیبر یونین کے آج ہونیوالے الیکشن کے فوری بعد کرپٹ لیبر عہدیداروں کیخلاف تحقیقات کا آغاز کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارلحکومت کی ترقی اور شہریوں کیلئے سہولتوں کی فراہمی میں سے ڈی اے مزدوروں کا خون شامل ہے اور ان مزدوروں نے دن رات کام کرکے شہریوں کی خدمت کی مگر سی ڈی اے لیبر یونین کے کرپٹ عہدیداروں نے جعلی اور غیر قانو نی طریقوں سے مزدوروں کے پلاٹ فروخت کئے اور مزدوروں کو کچھ نہیں دیا گیا جسکی وجہ سے سی ڈی اے کے مزدور آج بھی اپنے بچوں کیلئے گھر کی چھت سے محروم ہیں۔ ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے لیبر یونین کے بعض عہدیدار آج وفاقی دارلحکومت میں کروڑوں روپے کے متعدد پلاٹ کے مالک ہیں اور عالی شان کوٹھیوں کے علاوہ اربوں روپے کی گاڑیاں رکھتے ہیں مگر سی ڈی اے مزدوروں کے گھر وں میں فاقوں کی صورتحال ہوتی ہے اور وہ مشکل سے اپنے بچوں کی تعلیم اور دوسرے خرچے برداشت کر رہے ہیں۔ لالہ افضل اور امیر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کے تمام مزدور لیبر یونین امان اللہ خان گروپ کے ساتھ ہیں اور آج مزدور اپنے اور اپنے بچوں کے رو شن مستقبل کیلئے ا مان اللہ خان گروپ کے حق میں ووٹ دیں گے۔
مزدور رو شن مستقبل کیلئے آج ا مان اللہ گروپ کے حق میں ووٹ دینگے ‘ لالہ افضل
Dec 04, 2017