اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد ایکسپریس وے کے سوہان اور کھنہ انٹرچینجز پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ سی ڈی اے کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سوہان انٹرچینج پر تعمیراتی کام 31 دسمبر تک مکمل ہوگا جبکہ کھنہ انٹرچینج فروری 2018ء تک مکمل کیاجائے گا۔ حکام کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے و میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر دونوں انٹر چینجز پر کام مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ان منصوبوں پر 2 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں سی ڈی اے نے زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک روڈ کی توسیع اور کرال انٹرچینج پر تعمیراتی کام مقررہ مدت میں پورا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سوہان انٹرچینج پر بھی تعمیراتی کام بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔