خصوصی افراد کو ذمہ دار شہری بنانے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہو گا: گورنر

Dec 04, 2017

لاہور(پ ر)رنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بھی کمال صلاحیتوں سے مالا مال ہوتے ہیں انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے کے لئے ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور کے گیٹ پرلاہور بزنس من ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام، معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر معذورں کی آگاہی کے بارے میں منعقدہ واک میں شرکاء سے ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک، لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر، خواجہ خاور رشید ،راشد محمود سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ اس موقع پر طلباء طالبات کی کثیر تعداد بھی واک میں شریک تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ زندگی گزارنے کا قرینہ سیکھنا ہے تو خصوصی بچوں سے سیکھیں جو اپنی کمزوری کو مجبوری بنانے کی بجائے زندگی کی دوڑ میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا ایسے افراد یا ادارے جو خدمت انسانیت میں وقف ہیںیقینا کسی نیکی سے کم نہیں۔ گورنر نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خصوصی افراد کی ہر ممکن مدد کے لئے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا ہوا ہے، خصوصی افراد کے لئے تعلیمی اداروں میں تمام ضروری سہولتیں دی جارہی ہیں، ان کی فنی تربیت پر توجہ دی جارہی ہے جبکہ سرکاری ملازمتوں میں ان کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں