لاہور (خصوصی رپورٹر)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے دیہی علاقوں کی خواتین میں سستے داموں پولٹری یونٹس کی تقسیم شروع کر دی گئی۔ سول ویٹنری ہسپتال علی رضا آباد تحصیل رائیونڈ میں خصوصی تقریب میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور اکرم چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر لائیو سٹاک کے زیر اہتمام ملحقہ دیہی علاقوں کے رہائشیوں میں 5مرغیاں اور ایک مرغے پر مشتمل پولٹری یونٹس سستے داموں مہیا کئے گئے۔تحصیل رائیونڈ سے متصل دیہات سے بڑی تعداد میں خواتین اور مرد پولٹری یونٹس کی خریداری کے لئے آئے۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سستے داموں پولٹری یونٹس کی تقسیم کا مقصد دیہی علاقوں کی خواتین میں گھریلو سطح پر صاف ستھری خوراک ،دیسی انڈوں کے استعمال اور مرغبانی کے معاشی پہلوو¿ں پر شعور اجاگر کرنا ہے۔ پولٹری یونٹس کی سستے داموں دیہی علاقوں میں عام آدمی کو فراہمی بڑی اہمیت اور معنی رکھتی ہے کیونکہ ایک تو اس سے سردیوں میں کچن کے لئے انڈوں کی ضرورت پوری ہو سکتی ہے دوسرے گھریلو سطح پر مرغبانی کو فروغ دے کر منافع بھی کمایا جا سکتا ہے۔ یہ منصوبہ کاغذوں تک محدود تھا جسے آج ہم نے حقدار تک پہنچا دیا ہے۔ حمزہ شہباز نے پولٹری فارم اپنے گھر تک محدود رکھے اور عام آدمی کی فلاح کے برعکس ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں ہر سال 3000 یونٹس کی سستے داموں تقسیم ہو گی جبکہ صرف آج لاہور میں 300 یونٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ شہری و دیہی دونوں علاقوں میں لوگ مرغبانی کا شوق رکھتے ہیں۔لائیو سٹاک مرغبانی کے ساتھ ساتھ بطخیں، شتر مرغ، اونٹ اور گائے بھینس پالنا اور ان سے استفادہ کرنے کے رجحان کو بھی بڑھاوا دے رہی ہے۔ایسے افراد کو جانوروں کے علاج کے لئے بھی مفت سہولت دی جا رہی ہے۔
پولٹری یونٹس