شاذیہ سعید
معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تو انہیں مسلسل ہراساں کیا جاتا تھا۔32سالہ گلوکارہ و اداکارہ نے می ٹو مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہالی وڈ رپورٹرزکو بتایا کہ 19 سال کی عمر میں انہیں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا گیا انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس وقت ان کے پاس ایسا کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا جہا پر وہ اس حوالے سے عوامی سطح پر بات کرتیں۔ان کا کہنا تھا کہ ناپسندیدہ پیشرفت کو اصول سمجھا جاتا تھا اور کوئی بھی انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے تیار نہیں تھا۔انہوں نے کہا جب میں نے موسیقی میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تو میں 19 سال کی تھی،اس وقت اس بزنس میں ہراساں کرنا استثنیٰ نہیں بلکہ اصول سمجھا جاتا تھا۔ جب آپ کسی ریکارڈنگ سٹوڈیو میں جاتے تو وہاں آپ کو ہراساں کیا جاتا۔لیڈی گاگا کا کہنا تھا انہوں نے ہراسانی کیخلاف آواز تو بلند کی مگرانکی بات پر کسی نے کان ہی نہیں دھرے کیونکہ بوائز کلب کلچر ایسے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے سے روکتا تھا۔لیڈی گاگا نے مزید کہا کہ میں توقع کرتی ہوں کہ می ٹو مہم کے ذریعے خواتین کی آواز انصاف فراہم کرنے والے اداروں تک زرور پہنچے گی ۔یاد رہے کہ لیڈی گاگا ہراسانی کا نشانہ بننے کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار رہ چکی ہیں۔
جسٹن بیبر نے اپنی شادی کا اعتراف کر لیا
معروف کینیڈین پاپ سنگر جسٹسن بیبر نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے امریکی ماڈل ہیلی بالڈوین سے اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔جسٹس بیبر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ تصویر میں دونوں سٹارز خوش اور مطمئین دکھائی دے رہے ہیں۔نوعمری میں ہی شہرت کی بلندیاں چھونے والے گلوکار اس سے قبل کئی سکینڈلز کی زد میں بھی رہ چکے ہیں جن میں سلینا گومز کے ساتھ انکا معاشقہ ہمیشہ خبروں میں رہا۔ حال ہی میں جسٹسن بیبر کی امریکی ماڈل ہیلی کے ساتھ منگنی اور پھر خفیہ شادی کی خبریں منظرعام پر آئی تھیں جن کی گلوکار نے اب باقاعدہ طور پر تصدیق کر دی ہے۔امریکی ماڈل ہیلی معروف اداکار سٹیفن بالڈوین کی بیٹی ہیں جنہوں نے اپنے شادی کے بعد انسٹاگرام پر اپنے نام ہیلی بیبر میں تبدیل کر دیا ہے۔گریمی سمیت کئی بڑے ایوارڈز اپنے نام کرنے والے 24 سالہ جسٹسن بیبر دنیا کے چند معروف ترین گلوکاروں میں سے ہیں، معروف امریکی گلوکار کیٹی پیری کے بعد جسٹن بیبر دوسرے گلوکار ہیں جن کے ٹویٹر فالوورز کی تعداد سو ملین سے زیادہ ہے۔
سینڈرا بولک سنسنی خیز فلم کا حصہ
رومانوی کامیڈی کے لئے مشہور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ سینڈرا بولک ڈسٹوپیئن زمانہ کی سنسنی خیز فلم ‘‘برڈ باکس’’ میں زندگی کے لئے جنگ لڑتی ہوئی نظر آئیں گی۔ہالی وڈ کے معروف ڈراموں میں کام کرنے والی سینڈرا اس فلم میں اپنے دو بچوں کو ایک نادیدہ طاقت سے بچانے کی کوشش کریں گی جو لوگوں کو خودکشی کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔برلن میں ہونے والے فلم کے پریمیئر میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سینڈرا کا کہنا تھا کہ وہ عموماً ڈراؤنی فلموں میں کام کرنا پسند نہیں کرتی لیکن اس فلم کو اپنی کریئر کا حصہ بنانے پر وہ خوش ہیں۔2014ء میں لکھے گئے جوش میلرمن کے ناول برڈ باکس پر بنائی گئی فلم میں میلوری اپنے دو بچوں کے ہمراہ آنکھوں پر پٹی باندھ کر خطرناک جنگل کی سیر کے لئے لے جاتی ہے جہاں وہ ایک نادیدہ قوت سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں جو اگر دکھائی دے جائے تو خوفناک حادثے کا باعث بن سکتی ہے۔نیٹ فلیکس کے زیر اہتمام بننے والی فلم برڈ باکس کو سوسین بیئر نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ سینڈرا بولک کے ساتھ ’’اوشن ایٹ‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ساتھی اداکارہ سارہ پولسن بھی فلم کا حصہ ہیں۔
گیم آف تھرونز کے ہیرو موموا بڑی سکرین پر آنے کو تیار
دنیا کی مشہورترین ٹی وی سیریز ’’گیم آف تھرونز‘‘ کے اداکار موموا اب بڑی سکرین پر فلموں میں بھی نظر آئیں گے۔39 سالہ اداکار جاسن موموا ’’اقوامین‘‘ نامی فلم میں آرتھر کیورے کے نام سے کردار ادا کریں گے۔قبل ازیں2016ء میں انہوں نے سپرمین بمقابلہ بیٹ مین میں کردار ادا کیا تھا۔ لندن میں ’’اقیومین‘‘ فلم کے پریمیئر میں انہوں نے بتایا کہ یہ ان کے فلمی سفر کا مشکل ترین کردار ہوگا۔رائٹرز سے بات کرتے ہوئے موموا کا کہنا تھا کہ اس فلم میں میرا کردار جسمانی طور پر مشکل ہے۔فلم اقیومین میں’’ دی رم ڈائری‘‘ کی اداکارہ امبرہیرڈ بھی ایک جنگجو خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں۔