لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ بہترین پرفارمنس کے باعث اونچی چھلانگ لگا کر ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں شامل ہو گئے۔تازہ ترین ایم آر ایف ٹائرز آئی سی سی پلیئرز رینکنگ کے مطابق بولنگ کے شعبے میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ نہ کھیلنے کے باعث ایک درجے تنزلی کے بعد پہلے سے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا نے نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔پاکستان کے محمد عباس بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے ورنن فلینڈر چوتھے اور بھارت کے رویندرا جڈیجا پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں اپنے کیرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 184 رنز کے عوض 14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔