کولمبو (نیٹ نیوز) سری لنکا کی عدالت نے مہندا راجا پاکسے کے بطور وزیراعظم اختیارات کو معطل کرتے ہوئے حکم دیا کہ ان کی کابینہ قانونی جواز ثابت ہونے تک ملک پر حکومت نہیں کر سکتی۔ ’’اے ایف پی‘‘ کے مطابق عدالت کے فیصلے نے راجا پاکسے کی ملک پر حکومت کے دعوے سے متعلق مزید شکوک و شبہات پیدا کر دئیے ہیں جنہیں پہلے ہی ایک ماہ قبل متنازع تقرری کے باعث تنازعہ کا سامنا ہے۔ سری لنکا کے صدر نے ملک کے وزیراعظم رانیل وِکراما سنگے کو 26 اکتوبر کو عہدے سے برطرف کرکے راجا پاکسے کو وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بٹھایا تھا۔ راجا پاکسے کے خلاف ملک کی پارلیمنٹ دو بار تحریک عدم اعتماد منظور کرچکی ہے لیکن انہوں نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کیا۔ عدالت نے راجا پاکسے کو کابینہ کی قیادت کرنے کا قانونی جواز پیش کرنے کیلئے 12 دسمبر تک کی مہلت دی تھی۔
سری لنکن عدالت نے راجا پاکسے کے بطور وزیراعظم اختیارات معطل کر د ئیے
Dec 04, 2018