سرگودھا(نامہ نگار) انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت نے 20 افراد کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر متولی اور اس کے تین ساتھیوں کو 27/27 مرتبہ سزائے موت، 100/100 سال قید اور جائیداد کی ضبطگی کا حکم دے دیا، تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے چک 95 میں شمالی درگاہ علی محمد گجر پر 20 افراد کے قتل پر 20/20 بار جبکہ7ATA میں7/ 7 مرتبہ سزاے موت دی گئی، انسداد دہشت گردی کی عدالت میں فیصلہ کے بعد مجرموں کو دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا ، مجرموں نے تین سال قبل مارچ اور اپریل کی درمیانی رات درگاہ پر مریدین کو درندگی کا نشانہ بنایا ، بہیمانہ تشدد سے 4 خواتین سمیت 20 افراد جاں بحق اور دو خواتین سمیت چار شدید زخمی ہوئے تھے جس پر تھانہ صدر پولیس نے دہشت گردی، قتل، اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان ڈبہ پیر عبدالوحید اور اس کے ساتھیوں کاشف، آصف، ظفر کو گرفتار کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مسلسل سماعت کرتے ہوئے گواہان، پولیس ملازمین، پوسٹمارٹم کرنے والے ڈاکٹرز لیڈی ڈاکٹرز کی شہادتیں قلم بند کیں، تمام شہادتیں اور گواہوں کے بعد ملزمان کے بیانات پر جرح مکمل ہوئی، عدالت میں مقدمہ تین سال آٹھ ماہ تک زیر سماعت رہا۔فیصلہ کی وجہ سے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔