بنوں (آئی این پی) شمالی وزیرستان میں ایک ہی روز دو افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کردیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے دونوں واقعات شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں پیش آئے جس میں پہلا واقعہ میرعلی بازار میں پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے میرعلی ہسپتال کے قریب مدی خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے محمد نامی گورنمنٹ کنٹریکٹر کو پستول سے گولیاں مار کر قتل کردیا اورفرار ہوگئے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے چہرے کو نقاب سے چھپا رکھے تھے۔ دوسرا واقعہ میرعلی کے قریبی گاؤں خدی میں پیش آیا جہاں مسلح نقاب پوشوں نے گل ربیب نامی خدی کے رہائشی کو قتل کر دیا اورفرار ہوگئے۔ پولیس نے دونوں واقعات کی رپورٹ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔