نقیب اللہ محسود کے والد کی نمازجنازہ ٹانک میں اداکردی گئی ‘ قتل کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی

Dec 04, 2019

ٹانک (صباح نیوز)کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان محسود کی نمازہ جنازہ ان کے آبائی شہر ٹانک میں ادا کردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق محمد خان محسود کی نمازجنازہ میں سول اور فوجی افسران،علاقہ عمائدین اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔واضح رہے کہ محمد خان محسود کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں زیر علاج تھے۔گذشتہ روز فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ جنرل آصف غفور کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نقیب اللہ محسود کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا تھا۔آرمی چیف نے کہا ہے کہ محمد خان محسود کے ساتھ انصاف کی فراہمی کا جو وعدہ کیا گیا تھا اس کی تکمیل کی کوشش جاری رہے گی۔یاد رہے کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نقیب اللہ محسود کو جنوری 2017 میں کراچی میں مبینہ طور پر جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا تھا۔انسداددہشتگردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت مدعی مقدمہ کے وکیل نے نقیب اللہ کے والد کے انتقال کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے 164 کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے سے متعلق درخواست واپس لے لی۔ مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔نقیب اللہ کے والد نے علالت کے باعث اپنا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے کی استدعا کی تھی، جس پر عدالت نے نقیب اللہ کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کیس کی مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی۔

مزیدخبریں