اسلام آباد ؍ دوحہ (سٹاف رپورٹر‘اے پی پی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی منگل کو ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچے۔ حماد انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر قطری حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوحہ میں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔ کسی ایک ملک کا تنہا مسائل کو حل کرنا مملکن نہیں۔ ترقی، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور اسلامو فوبیا جیسے مسائل سے نمٹنا ایک ملک کیلئے ممکن نہیں۔ ان مسائل سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اور مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔ سمٹ میں شامل ممالک کے پاکستان سے گہرے ثقافتی اور مذہبی روابط ہیں۔ ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ اجتماعی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے تاکہ ممالک میں تعلقات میں اضافہ ہو۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی قطر کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے رات وطن واپس پہنچ گئے۔