اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان میں جرمنی کے سفیر بیرناڈ شلاک ھوگ نے کہا ہے کہ جرمنی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہا ہوں لیکن کسی بھی سرمایہ کار کمپنی کو کسی دوسرے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ گذشتہ روز "نوائے وقت"سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے جرمنی کے سفیر نے کہا کہ حال ہی میں چند جرمن سرمایہ کاروں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا جائے۔ جرمن سفیر نے کہا کہ اگلے سال مزید جرمن سرمایہ کار کمپنیاں، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آ رہی ہیں۔ اس سوال پر کہ جرمنی پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں خاص طور پر قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں سرمایہ لگانے کیلئے تیار ہے۔ کیوں کہ جرمنی شمسی توانائی کے شعبے میں بڑی مہارت رکھتا ہے تو جرمنی کے سفیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی جائے ۔ جرمنی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو جرمن چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ رابطوں کو مستحکم بنانا چاہیئے تاکہ وہ مسشترکہ منصوبوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے جرمن انویسٹرز کو قائل کر سکیں۔ جرمنی کے سفیر نے ایک استفسار پر بتایا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال بہت بہتر ہو گئی ہے اس لئے سرمایہ کاری کیلئے ماحول بہتر ہو رہا ہے۔