کراچی(اے پی پی) اینگرو پو لیمر اینڈ کیمیکلز نے واٹرایڈ پاکستان کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد پاکستان میں صاف پانی اور حفظانِ صحت کے شعبے میں مشترکہ طور پر ممکنہ مواقعوں کی تلاش اور منصوبوں پر عمل پیرا ہونے کیلئے فریقین کے مابین ایک ایسا طویل المدّتی تعاون قائم کرنا ہے جو پانی کے تحفظ اور شہریوں کی صحت کی بہتری میںکردار ادا کرسکے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معاہدے پراینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کے وائس پریذیڈنٹ مارکیٹنگ مظہر حسنینی اور واٹر ایڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹرصدیق خان نے دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت اینگرو پولیمر اور واٹر ایڈ پاکستان جدید تیکنیکس کے ذریعہ پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز میں اجتماعی شعور اجاگر کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے اور اس مقصد کیلئے ملکی اور بین الاقوامی ماہرین کو آن بورڈ لایا جائے گا۔معاہدے میں بارش کے پانی کی کٹائی اور زمینی پانی کے ریچارج پروگراموں کے فروغ اور ان پر عمل درآمد بھی شامل ہے۔ اس موقع پراینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران انور نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان جیسے آبی تنائو والے ملک کیلئے پانی کا تحفظ نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ ملک کی بقاء کا مسئلہ ہے، بطور ایک ذمہ دار کمپنی اینگرو پولیمر اس ہنگامی صورتِ حال کی اہمیت کو سمجھتی ہے اور پورے ملک میں واشڈومین میں مختلف حل تیار کرنے اور اسے فروغ دینے پر کام کررہی ہے، واٹر ایڈ کے ساتھ شراکت دار ی اس محاذ پر ہمارے عزم کی توثیق کرتی ہے اور ہم اس مقصد کی کامیابی کے منتظر ہیں۔ واٹر ایڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر صدیق خان نے کہا کہ واٹر ایڈ پاکستان حکومتِ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے کلین اینڈ گرین پاکستان اقدام کی حمایت کیلئے پرعزم ہے اور ہم ای پی سی ایل کے ساتھ شراکت داری پر نہایت خوش ہیں۔