کراچی(کامرس ڈیسک) کے الیکٹرک کی جانب سے ملازمین کوتکنیکی تعلیم، رہنمائی اور ملازمت کے دوران تربیت فراہم کرنے کے مقصد کے تحت شروع کئے گئے دو سالہ اپرنٹس شپ پروگرام کے دوران پہلے بیچ میں 30سے زائد اپرنٹس کو جنریشن، ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسمیشن کے شعبوںمیں تربیت فراہم کی گئی ۔ اس حوالے سے حال ہی میں کے الیکٹرک ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اکیڈیمی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اپرنٹس پروگرام کے پہلے بیچ میں 38ڈسٹری بیوشن اپرینٹسیزکو الیکٹرک ٹیکنیشنز کی حیثیت سے کامیاب قرار دیا گیا۔ کے الیکٹرک کے اپرنٹس شپ پروگرام کے تحت متعدداپرنٹس نے انرجی ویلیو چین کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرلی ہے۔ اپرنٹس پروگرام میں کامیاب ہونے والے گریجویٹس کو ادارے کے مختلف شعبوں میں نہ صرف مستقل روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے بلکہ یہ گریجویٹس وسیع ترانرجی سیکٹر کیلئے ممکنہ صلاحیتوں سے بھرپور ہیں جنہوں نے مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے ادارے کی ترقی کا بذات خود مشاہدہ کیا ہے ۔اس موقع پر ترجمان کے الیکٹرک نے کامیاب اپرنٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ،’’ کراچی کی بہتری کیلئے کے الیکٹرک کا عزم اور کوششیں بجلی کی فراہمی سے بالاتر ہیں۔ ہم لوگوں میں صلاحیتیں پیدا کر کے اور سماجی و اقتصادی خوشحالی کے ذریعے انہیں قابل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ پروگرام نوجوانوں کوبا اختیار اور قابل بنانے کے حوالے سے کے الیکٹرک کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی تصدیق کرتا ہے جبکہ بیک وقت ادارے میں انسانی وسائل کو بھی مستحکم بناتا ہے۔اس پروگرام کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاور یوٹیلٹی نے ڈسٹری بیوشن کیلئے 2019-2020کے سیشن کا اعلان کیا ہے جبکہ جنریشن اور ٹرانسمیشن کے شعبوں کیلئے اپرنٹسز کی بھرتیاں پہلے ہی مکمل ہوچکی ہیں۔‘‘کھیلوں کو فروغ دینے ، طلباء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کااظہار ہو یا ان کی جانب سے کی گئی نت نئی کاوشیں ،گزشتہ برسوں کے دوران، کے الیکٹرک نے نوجوانوں کو صحت بخش سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کیلئے کئی اہم پلیٹ فارم تخلیق کیے ہیں ۔ کے الیکٹرک نے این ای ڈی یونیورسٹی میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ الیکٹریکل انجینئرنگ لیب قائم کرنے کیلئے شراکت داری کی ہے ۔