امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ امریکا، افغان فوج اورطالبان کی موثرکارروائیوں سے داعش خراسان پسپا ہوگئی اور سیکڑوں جنگجوئوں نے ہتھیارڈال دیئے۔انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم تشکرپرداعش خراسان کیخلاف افغانستان میں بڑی پیشرفت ہوئی اور داعش خراسان کے سیکڑوں جنگجوئوں نے ہتھیارڈال دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اتحادی فورسز، افغان فوج اورطالبان کی موثرکارروائیوں کے نتیجے میں داعش کو کئی علاقوں سے پسپا کردیا گیا اور اس کے بہت سے جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں، اگرچہ داعش خراسان مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے لیکن اسے پہنچنے والے یہ نقصانات اس کے خلاف جنگ میں حقیقی پیش رفت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننگرہارمیں حالیہ مہم داعش خراسان کیخلاف موثر اقدامات کی ایک مثال ہے۔28 نومبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان کا غیراعلانیہ دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ افغان طالبان امن معاہدے کے خواہش مند ہیں اور جنگ بندی چاہتے ہیں، لہذا امریکا نے طالبان کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کر دی ۔واضح رہے کہ داعش کا افغانستان میں ننگرہار مضبوط مرکز تھا جہاں امریکی افواج کے آپریشن سے اسے حال ہی میں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے اور کئی علاقے خالی کرد یئے ہیں۔
افغانستان میں امریکا،افغان فوج اورطالبان کی موثرکارروائیوں نے داعش کو پسپا کردیا:زلمے خلیل زاد
Dec 04, 2019 | 14:00