آرمینیا سے لڑائی میں 2800 فوجی ہلاک، 108لاپتہ ہوئے: آذربائیجان

باکو (این این آئی) آذربائیجان نے کہا ہے کہ نیگورنو۔کاراباخ کے تنازع میں آرمینیا سے حالیہ لڑائی میں اس کے لگ بھگ 2 ہزار 800 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔ آذربائیجان کی طرف سے آرمینیا کی فورسز کے ساتھ حالیہ لڑائی میں ہونے والے فوجی نقصان کے حوالے سے پہلی بار تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آذربائیجان کی وزارت دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حب الوطنی کی جنگ میں آذربائیجان کی مسلح افواج کے 2 ہزار 783 اہلکار ہلاک ہوئے۔ دیگر 100 فوجی لاپتہ ہیں۔ قبل ازیں آرمینیا نے اعلان کیا تھا کہ لڑائی میں اس کے 2 ہزار 317 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔ ساتھ ہی دعویٰ کیا تھا کہ آذربائیجان کے کم از کم 93 اور آرمینیا کے 50 شہری بھی ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 1990ء میں سوویت یونین سے آزادی کے ساتھ ہی کاراباخ میں علیحدگی پسندوں سے تنازع شروع ہوا تھا اور ابتدائی برسوں میں 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن