لاہور (این این آئی) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جماعة الدعوة کے رہنماو¿ں حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال اور محمد اشرف کو دو مزید مقدمات میں سزائیں سنا دیں۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں مقدمہ نمبر 40/19میں حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر ظفر اقبال اور محمد اشرف کو ساڑھے پندرہ، پندرہ سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسی طرح مقدمہ نمبر 27/19کی بھی سماعت ہوئی جس میں حافظ عبدالسلام بن محمد اور پروفیسر ظفر اقبال کو ساڑھے پندرہ، پندرہ سال اور پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ جماعة الدعوة کے رہنماو¿ں کو دونوں مقدمات میں الگ الگ ایک لاکھ ستر ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ عدالت میں زیر سماعت مقدمات میں گواہوں کے بیانات پر نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں بھی مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ مذکورہ عدالت نے سماعت آٹھ دسمبر تک کیلئے ملتوی کی ہے۔