اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی زیر صدارت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 45 واں اجلاس وزارت کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی اور مینجنگ ڈائریکٹر پی ایس ای بی عثمان ناصر بھی موجود تھے۔اجلاس میں ملک کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی آئی ٹی و آئی ٹی انیبلڈ سروسز کمپنیوں جن میں کال سنٹرز اور آئی ٹی اسٹارٹ اپس شامل ہیں کی پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ کے ساتھ رجسٹریشن ایک سال کے لیئے فری کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ اس فیصلہ سے دوردراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی آئی ٹی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور یہ ایک مثبت اقدام ہے۔اجلاس میں پچھلے بورڈ اجلاس کی کاروائی کی منظوری بھی دی گئی۔مینجنگ ڈائریکٹر پی ایس ای بی عثمان ناصر نے اجلاس کو پی ایس ای بی کی رواں مالی سال کے پہلے تین مہینوں کی پرفارمنس اور مستقبل منصوبوں اور اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے پی ایس ای بی کی پرفارمنس کو سراہا اور آئی ٹی برآمدات کے اضافہ کے لیئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثنائ، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی زیر صدارت ٹیلیفون انڈسٹریز آف پاکستان (ٹی آئی پی) کے سالانہ جنرل کا اجلاس بھی ہوا۔اجلاس میں ٹی آئی پی کی بحالی کی حوالے سے گفتگو ہوئی۔
چھوٹے شہروں کی آئی ٹی کمپنیوں کی ایک سال کےلئے فری رجسٹریشن کا فیصلہ
Dec 04, 2020