حکومت پی ڈی ایم تحریک میں رکاوٹیں نہ ڈالے:قمرزمان کائرہ

Dec 04, 2020

لاہور(نامہ نگار )پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ،حکومت ہوش کے ناخن لے پی ڈی ایم کی تحریک میں رکاوٹ نہ بنے ،عوامی احتجاج کو روکا نہیں جاسکتا ۔لاہور میں 13 دسمبر کا جلسہ ہر صورت ممکن بنائیں گے۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 13 دسمبر کے جلسے کے سلسلے میں پارٹی اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںلاہور میں13 دسمبر جلسے کے انتظامات اور پیپلز پارٹی کی شرکت کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ جیالو ں کو ملتان میں نہیں روکا جا سکا تو لاہور میں بھی نہیں روکا جا سکتا۔جلسے کی انعقاد کے حوالے سے لاہور ڈویژن کے تمام پارٹی عہدیدار اور کارکن متحرک ہوچکے ہیں۔لاہور جلسہ عام میں بہت بڑی تعداد میں جیالے شرکت کریں گے۔دریں اثناء پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کرونا سے صحت یابی کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

مزیدخبریں