لاہور(نامہ نگار )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں مزید بہتری، فورس کی ویلفیئر اور ٹریننگ کی اپ گریڈیشن، عوامی مسائل کے فی الفور ازالے سمیت مختلف دفتری امور کے حوالے سے دیگر سرکاری محکموں کو بھجوائی گئی سمریز کی بلا تاخیر منظوری کیلئے کوارڈی نیشن اور فالو اپ کے عمل کو مزید بہتر سے بہتر بنا یا جائے تاکہ سمریز کی منظوری کا عمل جلد مکمل ہو سکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں کے معمولی نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے ضلعی مصالحتی کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ ایک احسن اقدام ہے کمیٹیوں کے قیام کی سمری منظورکرانے کیلئے وزیر قانون کے دفتر سے مستقل رابطہ رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں محکمہ پولیس کی سمریز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران افسروں کوہدایات دیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ، ویلفیئر اینڈ فنانس، سپیشل برانچ، پنجاب ہائی وے پٹرول، آئی اے بی، سپیشل پروٹیکشن یونٹ، فنانس،لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ سمیت دیگر شعبوں اور یونٹس کے سربراہان نے آئی جی پنجاب کو اپنی سمریز کے حوالے سے بریفنگ دی ۔