سرینگر+اسلام آباد(این این آئی+سپیشل رپورٹ) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںبھارتی فوج کے دواہلکاروںنے کپواڑہ اورشوپیاںکے اضلاع میں خودکشی کر لی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے ہیڈ کانسٹیبل نے ضلع کے علاقے ٹنگڈار میں ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی ۔ ضلع شوپیاں کے علاقے زوورہ میںدوران ڈیوٹی ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی ۔حکام کے مطابق دونوںفوجی اہلکاروںکی طرف سے اس انتہائی اقدام کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے ۔دونوں فوجی اہلکاروںکی خودکشی کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ان بھارتی فوجی کی خودکشی کے بعد مقبوضہ جموںوکشمیر میں جنوری 2007کے بعد سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںکی تعداد بڑھ کر 483ہو گئی ہے۔ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںبھارتی فوجیوںنے سرینگر میں کشمیریوںکو ہراساں کیا اور انکی املاک کو نقصان پہنچایا۔ بھارتی فوجیوںنے شہر کے علاقے خانیار میں تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائی کے دوران نہتے شہریوںکو ہراساں اور خوفزدہ کیا اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا۔ مقامی لوگوںنے میڈیا کو بتایا ہے کہ فوجیوںنے اس دوران گھروں کی کھڑکیوںاورگاڑیوںکے شیشے توڑ دیئے ۔ مقبوضہ پونچھ کے نصف درجن علاقوں کو بھارتی فوج نے محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دی ہے۔مقبوضہ پونچھ کے مینڈھر علاقے میں بھارتی فوج نے تلاشی آپریشن کے دوران شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق ایل او سی کے پاس پاکستانی ڈرون کو دیکھا گیا ۔پاکستانی ڈرون کی نقل وحرکت کے بعد متعدد سرحدی علاقوں میں فورسز نے آپریشن شروع کیا۔ ادھر جنوبی کشمیر میں دمہال ہانجی پورہ علاقے میں سی آر پی ایف کے ایک آفیسر کی دوران شب پر اسرار طور پر موت واقع ہو گئی ۔بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز فریڈم لیگ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے خاص طور پر سرینگر کے علاقے ایچ ایم ٹی میں خوف و دہشت کی لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں منگل کو 43 انتخابی حلقوں میں ووٹ دالے گئے ۔ نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں وادی کے 25 اور جموں کے 18 حلقے غیر معمولی فوجی نگرانی کے باعث فوجی چھاونی کا منظر پیش کررہے تھے ۔ نام نہاد انتخابات کے موقع پر جنوبی کشمیر کے دو اضلاع پلوامہ اور شوپیاں میں انٹرنیٹ سروسز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ دوران پولنگ مراکز کی ڈرون کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کا اختتام 19 دسمبر کو ہوگا ووٹوں کی گنتی 22 دسمبرکو ہوگی۔کے پی آئی کے مطابق بلدیاتی انتخابات پارٹی بنیادوں پر ہورہے ہیں اور پنچایت انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ۔ جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں 280 نشستوں پر ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے انتخابی حلقوں کی حد بندی پہلے ہی کی جا چکی ہے۔ کشمیر ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بارڈر سکیورٹی فورس کے اہل کار چیندر سنگھ نے جس کا تعلق بی ایس ایف کی198 این بٹالین سے ہے نے اپنی رائفل سے اپنے آپ کو گولی مارکر اپنی جان لے لی۔
2فوجیوں کی خودکشیاں ، محاصرے کے دوران شہریوں پر تشدد ، نومبر میں 15کشمیریوں کو شہید کیا گیا
Dec 04, 2020