اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسئلہ کشمیر و فلسطین کو اجاگر کرتا اور روحانی آزادی کی خواہش لئے ترکی کے نامور شاعر و موسیقار تگرے ایورین کا تحریر کردہ گانا فلسطینی نژاد پاکستانی گلوکارہ کی آواز میں ریلیز کردیا گیا۔ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا گانا ’ہم کبھی دھوکا نہیں دیں گے‘ کے عنوان سے گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا۔ گانے کو شام کے گلوکار ملک نور اور پاکستانی گلوکارہ نتاشہ بیگ نے عربی اور اردو میں گایا ہے۔ جبکہ گانے کے الفاظ ترکی کے نامور شاعر و موسیقار، تگرے ایورین کے تحریر کردہ ہیں۔ تگرے ایورین کا کہنا ہے کہ دنیا تک مظلوموں کی آواز پہنچانے میں موسیقی کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چلڈرن آف ہیون کو ترک صدر طیب اردگان 23 اپریل بچوں کے ساتھ شیئر کر چکے ہیں۔ صدر عارف علوی کی جانب سے بھی فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے گانے کو سراہا گیا ہے۔ عارف علوی نے ٹوئٹر پر تگرے ایورین کے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کشمیر' اور 'فلسطین' پر نئے گانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ یہ غاصبانہ قبضے اور وحشیانہ ظلم و ستم کے اشکار غیور لوگوں کی کہانی ہے، دنیا کب تک ان کو نظرانداز کرتی رہے گی؟۔