شہباز شریف ، حمزہ کا پیرول ختم، جوڈیشل ریمانڈ میں منگل تک توسیع

لاہور (اپنے نامہ نگار سے)  احتساب عدالت نے شہباز شریف اورحمزہ کیخلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا گیا کہ شہباز شریف والدہ اور حمزہ شہباز دادی کی وفات کے باعث عدالت حاضر نہیں ہوسکتے، اس لیے حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے  سماعت ملتوی کردی اور جیل حکام کی طرف سے پیش کیے گئے جوڈیشل وارنٹ پر شہباز اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں آٹھ دسمبر تک توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اس ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، سلیمان شہباز، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کا کیس دیگر ملزموں سے الگ کر دیا ہے۔ عدم پیشی پر رابعہ عمران، سلیمان شہباز، یوسف ہارون اور دیگر کو اشتہاری قرار دینے کے معاملے پر عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار شہباز شریف کی طرف سے جیل میں میڈیکل سہولیات فراہم نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب سے 8 دسمبر تک مکمل رپورٹ طلب کرلی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو گذشتہ روز پیرول کی مدت ختم ہونے پر دوبارہ جیل بھجوا دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن