نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ای بڈنگ سسٹم کا آغاز

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ای بڈنگ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس سے اتھارٹی کے منصوبوں کو ایوارڈ کرنے میں شفافیت پیدا ہو گی۔ اس نظام کی بدولت بولی دھندگان کو پروکیورمنٹ کے عمل میں یکساں رسائی حاصل ہو گی۔ انہوں نے یہ بات آج نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں ای بڈنگ کی افتتاحی تقریب  سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن , چیئرمین  نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) سکندر قیوم , وزارت مواصلات اور این ایچ کے سنیئر افسران بھی  اس موقع پر موجود تھے۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ای گورننس وژن کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی  نے بڈنگ کے مرحلہ کو آسان, تیز شفاف اور محفوظ بنانے کیلئے ای بڈنگ سسٹم پر عمل درآمد شروع کیا ہے جس سے بڈنگ کے تمام مراحل شفاف طریقہ سے سسٹم پر انجام دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے پر احتساب , شفافیت اورعوام کوریلیف کی فراہمی جیسے امور کو اپنی ترجیحات میں رکھااور ای گورننس کی طرف عملی پیش رفت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی جیسے بڑے ادارے کی طرف سے ای بڈنگ کا آغاز بہت حوصلہ افزاء ہے کیونکہ نیشنل ہائی وے منصوبوں کی مالیت اربوں روپے ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ NHA کے منصوبوں کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے۔  انہوں نے کہا کہ سکھر ۔حیدر آباد موٹروے منصوبے کو اگلے سال شروع کر دیا جائے گا۔   انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مالی و انتظامی امور میں مزید بہتری کیلئے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن