لاہور+ بھلوال+ سرگودھا (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ندیم افضل چن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈا پر چل رہے ہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ موجودہ حالات میں پی ڈی ایم کا کردار قومی مفادات کے منافی ہے۔ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اور یہ وقت انتشار کی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد و اتفاق کا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو اپنے منفی طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ پی ڈی ایم کے جلسے ناکام رہے، اس ٹولے کو اب ترقی مخالف سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے۔ 2 برس میں پنجاب میں فلاح عامہ کے ریکارڈ کاموں کی مثال 70 برس میں نہیں ملتی۔ عوامی خدمت کے مشن میں کسی کو حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عثمان بزدارسے وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ملاقات کی۔ عمومی صورتحال، کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن کا ٹولہ ملک میں سیاسی کثافت کا ذمہ دار ہے۔ عوام کرپشن سے آلودہ عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ مخالفین کا منفی بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔عوام میں پی ڈی ایم کو صرف رسوائی مل رہی ہے اور ملتی رہے گی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں محنت اوراخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کی دشمن ہے۔ عقل سے عاری یہ ٹولہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ منتخب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنا غیر آئینی اور غیر قانونی مطالبہ ہے۔ پی ڈی ایم سن لے کہ 2023تک عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے کرونا کی دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جلسے کر رہی ہے۔ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے اور اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔
پی ڈی ایم پاکستانکی ترقی کی دشمن: عثمان بزدار
Dec 04, 2020