فنڈز کے غلط استعمال کا الزام، ایوانکا سے 5گھنٹے تک پوچھ گچھ

Dec 04, 2020 | 12:10

ویب ڈیسک

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ سے غیر منافع بخش تنظیم کے فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے اٹارنی جنرل کارل ریسائن کی جانب سے ایوانکا ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ٹیکس سے مستثنیٰ غیرمنافع بخش تنظیم کے فنڈز کا استعمال ٹرمپ کے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار اور دیگر کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا گیا۔امریکی صدر کی بیٹی پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ 2017 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کے واشنگٹن کے ہوٹل کو مارکیٹ ریٹ سے زیادہ ادائیگی کی گئی۔ایوانکا ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ یہ سیاسی انتقام کی ایک اور مثال ہے جس میں امریکی عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع کیا جارہا ہے۔انہوں نے 2017 میں لکھی گئی ای میل کا اسکرین شاٹ بھی جاری کیا جس میں ہوٹل انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ وہ مارکیٹ ریٹ سے مناسب معاوضہ کریں۔

مزیدخبریں