معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ سے ''ن ''نکل گیا ہے جو لندن بیٹھا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ایک طرف ظل سبحانی انگلینڈ میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں لیکن اسپتال نہیں گئے جبکہ انکی صاحبزادی ضمانت پر رہائی کے دوران قانون کو للکار رہی ہے۔ سیاست میں زندہ رہنے کیلئے یہ لوگ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ راجکماری اپنی کنیزوں کو سامنے بیٹھا کر عام عورت کی مسائل کی بات کس منہ سے کرتی ہیں۔ سونے کا چمچہ منہ میں لے کر پیدا ہونیوالی خواتین کو عام آدمی کے مسائل سے کوئی آگاہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنیزوں کے جھرمٹ میں یہ جتنی مرضی دھمکیاں لگائیں، حکومت ٹس سے مس نہیں ہو گی۔ تحریک انصاف کی حکومت آئینی راستے سے آئی ہے اور آئینی راستہ سے ہی گھر بھیجا جا سکتا ہے۔ اگر ان میں اتنا دم خم ہے تو ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔ مگر ان کو خطرہ ہے کہ ان کے اپنے ممبران ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے بیانیہ پر انکا اپنا خاندان تقسیم ہے۔ پہلے آپ خود کسی ایک بیانیہ پر متفق ہو جائیں اسکے بعد حکومت آپ کو سنجیدہ لے گی۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ جوں جوں نیب کیسز کا نتیجہ قریب آرہا ہے کنیز اول حکومت کو گھر بھیجنے کی تاریخیں دینے لگی ہیں۔ یہ لوگ ''کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے ''کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ انہیں وہ جمہوریت چاہئے جس میں یہ خود اقتدار میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نادان اپوزیشن وقت کی نزاکت کو سمجھے،اس وقت کرونا سے عوام کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ہمیں آپ کی بے وقت کی راگنیوں سے کوئی لینا دینا نہیں بلکہ معصوم عوام کی فکر ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے لاہور پریس کلب دورہ کے موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور سیکرٹری جنرل بابر ڈوگر نے انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ پریس کلب کو صحافی برادری کیلئے پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حکومت تک پہنچانے کیلئے لاہور پریس کلب نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ میں صحافیوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اب صحافیوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا وقت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہر ڈویژن میں صحافی کالونی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ڈی جی پی آر کو میڈیا کے واجبات فوری ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی آر کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں میڈیا ٹاور بنانے کا منصوبہ ہے جس میں صحا فیوں کی پیشہ ورانہ ٹریننگ کیلئے پنجاب انفارمیشن اکیڈمی بھی بنائی جائے گی۔ اس سے پہلے معاون خصوصی نے محکمہ تعلقات عامہ کے سینئر افسران کے ساتھ ملاقات کی جس میں سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور نے معاون خصوصی کو محکمہ کو جدید تقاضوں پر استوار کرنے کیلئے ایک پلان پیش کیا۔