لاہور میں کوروناوائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک ہنگامی اجلاس صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت چیف سیکرٹری آفس میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نبیل اعوان، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ محمد عثمان اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں لاہور میں کوروناکیسز کی بڑھتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورایکسپو سینٹر میں سیریس مریضوں کیلئے300ہائی ڈیپنڈنسی بیڈز فوری طور پرآپریشنل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے کو چیئرمین ڈاکٹر اسد اسلم خان نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ لاہور میں کورونا وائرس کے سیریس مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لاہور میں مثبت کیسز کی شرح تین سے بڑھ کر10فیصد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ہسپتالوں میں داخل سیریس مریضوں کی مجموعی تعداد396ہے جبکہ تشویش ناک مریضوں کی تعداد 152ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں سیریس مریضوں کیلئے دستیاب بیڈز کی تعداد 538ہے جس میں سے47فیصد بیڈز پرمریض موجود ہیں۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافے کے بعد محکمہ صحت نے سروسز، جناح اور جنرل ہسپتال کو جون2020کی ایمرجنسی صورتحال پر جانے کی ہدایت کر دی ہے اور اس سلسلے میں با قاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔