اسلام آبا د( نامہ نگار ) افراد باہم معذوری کے حقوق اور ان کی روز مرہ زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو تسلیم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کی بلڈنگ کو افراد باہم معذوری کے لیے قابل رسائی بنا دیا ہے۔جہاں پر ان کی روز مرہ کی بنیادی ضروریات کی فراہمی اور سہولتوں تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔اس بات کا اعلان قومی اسمبلی کی سپیکر اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں افراد باہم معذوری کے عالمی دن کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔اس تقریب کا انعقاد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور بین الاقوامی ادارے سائٹ سیورزنے مشترکہ تعاون سے کیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کو افراد باہم معذوری دوست بنانے کے حوالے سے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں افراد باہم معذوری کیلئے مناسب واش روم، ویل چیئر کیلئے ریمپ،مخصوص پارکنگ، نماز کی جگہ،نقل و حرکت کے لیے آسان راستے، کشادہ لفٹ اور دفتری کاموں کوآسان طریقے سے کرنے کیلئے مؤثرسہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان سہولیات کی فراہمی سے افراد باہم معذوری کا نہ صرف کام کرنے میں صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ان میں خود اعتمادی بھی بڑھے گی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سائٹ سیورز پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر منزہ گیلانی نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کا پارلیمنٹ ہاس میں افراد باہم معذوری کے لیے بنیاد ی سہولتوں کی فراہمی کے مشن کی تکمیل کے لیے عملی تعاون کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کو افراد باہم معذوری کیلئے قابل رسائی بنا دیا،اسدقیصر
Dec 04, 2021