راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سموگ کے بڑھتے خدشات سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے تعاون سے گورنمنٹ وقارالنساء یونیورسٹی کے ڈاکٹر اے کیو خان آڈیٹوریم میں سموگ کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نوشین اسرار، ڈین فیکلٹی آف سائنسز انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر عرفان، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد رفیق اور ریسرچ آفیسر لیبارٹری محکمہ تحفظ ماحولیات راولپنڈی امین بیگ نے سیمینار سے خطاب کیا۔ اساتذہ اور طالبات بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے،مقررین نے اس موقع پر کہا کہ سموگ ایک گھمبیر مسئلہ بن چکا ہے، ہر سال ہزاروں کی تعداد میں شہری اس کی وجہ سے طبی پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ چکا ہے ماحول کے تحفظ کو ایک سنجیدہ مسئلہ سمجھا جائے، معاشرے کا ہر فرد ماحول کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سموگ پیدا کرنے والے عوامل کے کنٹرول کیلئے جامع پروگرام بنایا گیا ہے اور سٹودنٹس میں ماحول کے تحفظ کے متعلق آگاہی کو نمایاں اہمیت دی گئی ہے،بعدازاں ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔