لاہور (لیڈی رپورٹر)وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق نے کہاہے کہ خصوصی بچوں کی بحالی و ترقی کیلئے حکومت انہیں مفت تعلیم ،پک اینڈ ڈراپ ودیگر سہولیات دے رہی ہے۔خصوصی افراد کے مسائل کے حل کیلئے ہیلپ لائن اور سپیشل کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔ ایک سو چار کنال اراضی پرشرقپورمیں خصوصی بچوں کی تفریح کیلئے سپورٹس کمپلیکس بنایا جارہا ہے ۔انہوںنے ان خیالات کااظہارمحکمہ اسپیشل ایجوکیشن کی جانب سے خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے الحمرا میںمنعقدہ تقریب میں کیا۔ اس موقع پر وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض ،سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن صائمہ سعید ،پرویز اقبال بٹ ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن ،صائمہ احد ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ،ڈاکٹر محمد نعیم ڈپٹی سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ،سیکریڑی لوکل گورنمنٹ نور الامین مینگل ،ڈاکٹر خالد جمیل، اساتذہ، بچے اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن صائمہ سعید نے خطاب میں کہا کہ خصوصی بچوں کی بحالی و ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات قابل قدر ہیں ۔ خصوصی بچے قابلیت میں کسی سے کم نہیںان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہم سب کا کام ہے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے حکومت کی جانب سے ضلعی و تحصیل کی سطح پر 303 ادارے قائم ہیں جہاں تقریبا 36 ہزارطلبا وطالبات زیر تعلیم ہیں۔
خصوصی بچوں کیلئے حکومت تمام سہولیات دے رہی ہے:وزیرسپیشل ایجوکیشن
Dec 04, 2021