آئی ایم ایف کے ایماء پر بنا منی بجٹ مسترد کرتے ہیں: سراج الحق 

Dec 04, 2021

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبر نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایما پر تیار کردہ حکومتی منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ منی بجٹ سے مہنگائی، بے روزگاری، غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔ پی ٹی آئی کی سوا تین سالہ کارکردگی سے ملک 30 سال پیچھے چلا گیا۔ موجودہ حکومت مافیاز کے لیے سہولت کار اور انہیں تحفظ فراہم کررہی ہے۔ کابینہ اور پارلیمنٹ میں مافیاز بیٹھے ہیں۔ کرپٹ اشرافیہ اور پاکستان مزید ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ پی ڈی ایم نے ہر موقع پر پی ٹی آئی کا ساتھ دیا اور آپس میں خاموش معاہد ہ کیا۔ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے حکومت کے خلاف بیانات ہوائی فائرنگ کے سوا کچھ نہیں۔  لوگ مہنگائی کی وجہ سے فاقوں مر رہے ہیں، بے روزگاری اور غربت گھر گھر ناچ رہی ہے۔ آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر قرضوں کا حصول ملک کی آزادی و خودمختاری کو گروی رکھنے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ پشاور سے میئر شپ میں کامیابی حاصل کر کے جماعت اسلامی پشاور کو ایک مثالی، جدید اور پھولوں کا شہر بنائے گی۔ جے یو آئی کے حافظ عبدالرحمن، عربی حاجی صاحب کے نواسے عاقب اسماعیل اور ان کے خاندان کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سراج الحق نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان خاموش معاہدہ ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ پاکستان کو دوبارہ ایک خودمختار، باوقار اور آزاد ملک بنانے کے لیے قوم کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔
سراج الحق 

مزیدخبریں