لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پڑھا لکھا پنجاب کا نعرہ اب حقیقت میں بدل رہا ہے۔ صوبے کی تاریخ کی پہلی لٹریسی پالیسی کے بعد پوری توجہ اور اخلاص کے ساتھ اس پر عمل درآمد شروع کیا گیا ہے جس کے انتہائی حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔اسی طرح جیلوں میں بند قیدیوں، ریلوے سٹیشنوں کے قلیوں اور دیگربے وسیلہ ناخواندہ افراد کی دہلیز پر جا کر انہیں علم کی روشنی دینے کا اعزاز بھی پی ٹی آئی کی حکومت کو حاصل ہو ا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ملتان ڈسٹرکٹ جیل میں تعلیم بالغاں مرکز سے خواندگی کا کورس مکمل کرنے والے قیدیوں کو اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری لٹریسی سمیرا صمد، ڈپٹی سیکریٹری لٹریسی، جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ جیل میں قیدیوں کی پڑھائی اور سیکھنے میں دلچسپی کو دیکھ کو یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ جیلیں اب اصلاح خانوں میں بدل رہی ہیں ۔