حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو سکیورٹی ، دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی: پرویزالٰہی

Dec 04, 2021

لاہور(خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈ فرانسسکو ساہورس نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان لائیو سٹاک، زراعت، دواسازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن کامیلو ایمسٹو سلبرکیسن بھی موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس انٹر ایکشن بڑھانے کیلئے مشترکہ کاروباری کونسل بھی قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ارجنٹائن کی میٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان لائیوسٹاک، کھیلوں کا سامان اور سرجیکل آلات کے شعبے میں تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سکیورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈ فرانسسکو ساہورس نے کہا کہ دونوں ممالک میں زراعت، فارماسیوٹیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ دریں اثنائپرویزالٰہی نے علماء کرام اور اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر مدرسوں اور سکولوں کی اسمبلی میں درود شریف پڑھنے کے بعد سموگ، سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کے خاتمے کیلئے باران رحمت کیلئے بچوں سے خصوصی دعا کروائیں کیونکہ اللہ تعالیٰ معصوم بچوں کی دعائیں جلد قبول فرماتا ہے۔
پرویزالٰہی

مزیدخبریں