الیکشن کمشن ، اعظم سواتی کی تحریری معذرت پیش، ہو کر معافی مانگنا ہوگی، رکن سندھ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمشن پر الزامات کے معاملے پر تحریری معافی مانگ لی۔ الیکشن کمشن کے تین رکنی بنچ نے الیکشن کمشن پر الزامات لگانے کے کیس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس کی سماعت کی۔ بنچ نے بیرسٹر علی ظفر سے استفسار کیا کہ اعظم سواتی کہاں ہیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی آج یہاں نہیں ہیں، اس لئے میں پیش ہوا ہوں، آج پیش نہ ہونے کی استثنی کی درخواست دیدی ہے۔ الیکشن کمشن کے سندھ سے ممبر نے استفسار کیا کہ کیا اعظم سواتی الیکشن کمشن کو نظر انداز کر رہے ہیں، گذشتہ سماعت پر وہ سینٹ میں تھے، یہاں نہیں آئے۔ وکیل نے جواب دیا کہ اعظم سواتی دو بار الیکشن کمشن میں پیش ہوئے۔ بیرسٹر علی ظفر نے اعظم سواتی کی جانب سے تحریری معافی نامہ الیکشن کمشن کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ اعظم سواتی نے اپنے معافی نامہ میں کہا کہ ان کے الفاظ سے الیکشن کمیشن کی دل آزاری ہوئی تو وہ معافی مانگتے ہیں، الیکشن کمیشن کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، کبھی الیکشن کمیشن کو متنازعہ کرنے کی کوشش نہیں کی، وفاقی وزیر ہوں، ہمیشہ اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کیا۔ ممبر سندھ کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، اعظم سواتی کو پیش ہو کر معافی مانگنی پڑیگی۔ الیکشن کمیشن ارکان نے کہا کہ اعظم سواتی کو حاضر ہونا چاہئے‘ کیس دو ہفتے کیلئے ملتوی کر رہے ہیں‘ معاملہ زیرالتواء ہے لہذا 22 دسمبر کو اعظم سواتی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری کے معافی نامے پر بھی فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن