بہاولپور نیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئن 

Dec 04, 2021

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)بہاولپور ڈس ایبلڈ نے آئی سی آر سی پریذنٹس ایس اے ایف نیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کاٹائٹل جیت لیا ،انٹر نیشنل ڈے آف پیپلز ود ڈس ایبلٹیز (معذوروں کا عالمی دن )کی مناسبت سے ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ کراچی پرکھیلے گئے دل چسپ فائنل میں اسلام آباد ڈس ایبلڈ کو 6وکٹوں سے شکست ہو گئی ۔پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام منعقدہ نیشنل چیمپئن شپ کے فائنل میں آئی سی آر سی کے ہیڈ آف سب ڈیلیگیشن پشاور فرخ اسلاموف ،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان ،شاہد آفریدی فائونڈیشن کے سی او اوکنٹری ہیڈ محمد رضوان ،ڈس ایبلڈ کرکٹ کے بانی سلیم کریم ،سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد اورآئی سی آر سی کے ہیڈ آف کمیونیکیشن فضا بنگش  نے انعامات تقسیم کئے اس موقع پرآئی سی آر سی کمیونیکشن ٹیم لیڈر اعزازالرحمان،میرزاڈ،آئی سی آر سی کمیونیکیشن آفیسریونس عالم،پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری امیر الدین انصاری ،عمران لطیف،ٹورنامنٹ سیکریٹری جمیل کامران اورتوصیف شاہ بھی موجود تھے ۔فائنل میں ٹاس جیت کر اسلام آباد ڈس ایبلڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر133رنز اسکور کئے ،اس کی جانب سے عثمان پراچہ نے43گیندوں پرچار چوکوں کی مدد سے45رنز اسکور کئے جبکہ راجا علی عباس  نے 19گیندوں پر30،عادل عباسی نے 22گیندوں پر 24اور محمد نعمان نے15رنز بنائے ۔بہاولپور ڈس ایبلڈ کی جانب سے عبدالخالق نے دو جبکہ محمد آصف اور کاشف عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔جواب میں فاتح بہاولپور ڈس ایبلڈ نے 18.1اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کر کے پہلی بار ٹائٹل جیتا ،اس کی جانب سے عابد حسین نے 28گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے41رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے ،کپتان محمد شہزاد نے ناقابل شکست 36رنز اسکور کئے جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا بھی شامل تھا ۔محمد نعمان نے 20گیندوں پر5چوکوں کی مدد سے26رنز بنائے تھے ۔اسلام آباد ڈس ایبلڈ کی جانب سے حماد شوکت اور واقف شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔بہاولپور ڈس ایبلڈ کے محمد نعمان کو چیمپئن شپ کا بہترین بیٹر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا جبکہ اسلام آباد ڈس ایبلڈ کے واقف شاہ بہترین بالر ،لاہور ڈس ایبلڈ کے اشفاق شاکر بہترین فیلڈر اور بہاولپور ڈس ایبلڈ کے عابد حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ملتان ڈس ایبلڈ کے حافظ غلام محمد کو نیشنل چیمپئن شپ میں صرف27گیندوں پرسنچری اسکور کرنے پر خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہمان خصوصی آئی سی آر سی کے ہیڈ آف سب ڈیلیگیشن پشاور فرخ اسلاموف نے مستقبل میں بھی پی ڈی سی اے کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے چیمپئن شپ کو کامیاب ایونٹ قرار دیا ۔
ڈس ایبلڈ چیمپئن 

مزیدخبریں