کراچی(کامرس رپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان (ریپ)کے سینئروائس چیئرمین محمد انور میانو ر نے ممبر مینیجنگ کمیٹی اور دیگر ممتاز رائس ایکسپورٹرز کے ہمراہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈپٹی گورنر سیما کامل سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اسٹیٹ بینک کے افسران سید ثمر حسنین ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر ، ڈاکٹر میاں فاروق، اقبال حسین بنگش جوائنٹ ڈائریکٹر ، ممبر مینیجنگ کمیٹی ریپ آصف شیخ، صفدر حسین مہکری ، سابق چیئرمین عبد القیوم پراچہ، رفیق سلیمان ، سابق سینیئر وائس چیئرمین محمد رضا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں محمد انور میانور نے اسٹیٹ بینک کے افسران کو رائس ایکسپورٹ سیکٹر کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا خصوصاََ (9) ملین ڈالر کی رقم جو لبنان کے بینک آف بیروت میں 2019سے رکی ہوئی ہے اس کو ریلیز کرانے کے سلسلے میں ٍتجویز دی کہ ایک مشترکہ اعلیٰ اختیاراتی وفد تشکیل دیا جائے جس میں وزارت تجارت ، وزارت خزانہ ، ٹڈاپ، اسٹیٹ بینک اور ریپ کے نمائندے شامل ہوں جو لبنان کا دورہ کر ے اور وہاں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کر کے اس مسئلے کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ مزید بر آں انہوں نے پاکستانی رائس ایکسپورٹرز کو ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم کے حوالے سے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے تعاون کی درخواست کی ۔ اسکے علاوہ انہوں نے اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ مختلف فنڈنگ پروگرام کی تفصیلات بھی ریپ کے ساتھ شیئر کرنے کی درخواست کی ۔سابق چیئرمین ریپ رفیق سلیمان نے مکینکل فارمنگ کے سلسلے میں مشینری اور دیگر معاملات کیلئے اسٹیٹ بینک کی سپورٹ طلب کی جس کے جواب میں ثمر حسنین نے آئندہ چند دنوں میں ریپ اور اسٹیٹ بینک کی ایک ملاقات کی تجویز دی۔ جس میں مکینیکل فارمنگ کے معاملات کو تفصیل کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا ۔ محترمہ سیما کامل ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک اور انکی ٹیم کے افسران نے رائس ایکسپورٹ سیکٹر کو در پیش مسائل کے حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔
رائس ایکسپورٹرزکے وفد کی ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل سے ملاقات
Dec 04, 2021